پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات اب مختلف شعبوں کی طرح موبائل فون انڈسٹری پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جہاں موبائل فونز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق موبائل فون کمپنیوں نے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو جواز بناتے ہوئے قیمتوں میں 3 سے 5 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے فیکٹریوں کے اخراجات میں اضافہ ہوا، جس کا براہ راست اثر موبائل فونز کی قیمتوں پر پڑا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں موبائل فونز کی فروخت بھی متاثر ہوئی ہے۔ سیلرز کے مطابق پہلے روزانہ 10 سے 12 موبائل فون سیٹس فروخت ہوتے تھے، تاہم اب خریداروں کی تعداد میں واضح کمی آ گئی ہے اور لوگ خریداری سے گریز کر رہے ہیں۔
صرف موبائل فون ہی نہیں بلکہ اس سے منسلک اشیاء بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔ ہینڈز فری، موبائل کور، اسکرین پروٹیکٹر اور دیگر ایسیسریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
شہریوں نے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
