شہر قائد میں پولیس اہلکاروں نے گردہ عطیہ کرنے والے نوجوان پر بدترین تشدد کر کے اس کو شدید زخمی کر دیا۔
کراچی میں محفاظ ہی ظالم بن گئے اور انٹر بورڈ آفس کے باہر نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
پولیس اہلکاروں نے جس نوجوان کو لاتیں، گھونسے اور رائفل کے بٹ مار کر شدید زخمی کیا، اس نے کچھ عرصہ قبل ہی اپنے والد کو گردہ عطیہ کیا تھا۔
شاہراہ نورجہاں پولیس نے زخمی نوجوان پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ بیمار بزرگ والد تھانے میں کئی گھنٹے خوار ہوتے رہے۔
بے گناہ نوجوان پر تشدد کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انٹر بورڈ آفس کے باہر کھڑے پولیس اہلکار دوڑتے ہوئے آئے اور کلاشنکوف کے بٹوں سے نہتے نوجوان پر حملہ کر دیا۔ نوجوان اپنے بچاؤ کی کوشش کرتا رہا، لیکن اہلکار مسلسل اس پر تشدد کرتے رہے۔
