تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ رادھا کشن میں خواتین مریضوں پر ڈیوٹی پر موجود ملازم کی بیہمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ، تشدد کے نتیجے میں حاملہ خاتون سمیت کئی خواتین زخمی ہو گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کوٹ رادھا کشن کی رہائشی خواتین دوائی لینے اسپتال پہنچیں تو رش کے باعث تقریباً دو گھنٹے تک خوار ہوتی رہیں۔ جب مریض خواتین نے ڈاکٹر سے چیک اپ پر اصرار کیا تو ڈیوٹی پر موجود ملازم نے اچانک تشدد شروع کر دیا۔ تھپڑوں، لاتوں اور مکوں کے وار سے سات ماہ کی حاملہ نادیہ بی بی سمیت ثمینہ بی بی اور کرن شہزادی زخمی ہو گئیں۔ ہسپتال میں موجود دیگر افراد نے فوری طور پر بیچ بچاؤ کر کے خواتین کو مزید تشدد سے بچایا۔
واقعہ کے بعد مریضوں اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ مریم نواز کے دورِ حکومت میں بھی حوا کی بیٹیاں محفوظ نہیں رہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
