پاکستان کی غیر سرکاری کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی مانگ میں اچانک تیزی آ گئی ہے جس کے باعث آج مقامی سطح پر اس کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئیں۔
کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے بازاروں میں ایک کروڑ ایرانی ریال کا بنڈل 8 سے 10 ہزار پاکستانی روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ریال کی قدر کم ہونے کے باوجود پاکستان میں یہ عالمی ریٹ سے تقریباً چار گنا مہنگا بک رہا ہے۔
جہاں دنیا بھر میں ایک کروڑ ریال کی قیمت محض 2,110 روپے بنتی ہے وہیں پاکستانی اوپن مارکیٹ میں خریداروں سے اس کے بدلے 10 ہزار روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔
مارکیٹ کے موجودہ اعداد و شمار کے مطابق، مقامی بازار میں ایک روپیہ ایک ہزار ایرانی ریال کے برابر ہو چکا ہےجبکہ ایک ہزار روپے کے بدلے 10 لاکھ ریال مل رہے ہیں۔
معاشی ماہرین اس بڑے فرق کی وجہ مارکیٹ میں ریال کی بڑھتی ہوئی طلب اور سپلائی میں کمی کو قرار دے رہے ہیں، جس نے عالمی اور مقامی ریٹس میں زمین آسمان کا فرق پیدا کر دیا ہے۔
