بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئر لائنز اور آپریٹرز بشمول فوجی پروازوں کے لیے بدستور بند رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی اب 24 مئی 2026 کی صبح 4 بجکر 59 منٹ تک مؤثر رہے گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق تمام بھارتی پروازوں پر ہوگا اور اس دوران کوئی بھی بھارتی طیارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکے گا۔
یاد رہے کہ 18 مارچ کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ایک نوٹم کے ذریعے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش کو مزید ایک ماہ یعنی 24 اپریل تک بڑھا دیا تھا، آج اس پابندی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بند ہے، بھارتی ایئر لائنز یا آپریٹرز کے زیرِ استعمال تمام طیاروں پر پابندی عائد ہے، اور اس پابندی میں بھارتی فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ (اور بھارتی آپریٹڈ) طیاروں کے لیے اپریل 2025 کے آخر میں بند کی تھی۔ یہ پابندی 24 اپریل 2025 سے نافذ کی گئی۔ یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد لیا گیا تھا، اور تب سے یہ پابندی بار بار نوٹم کے ذریعے توسیع پاتی رہی ہے۔
