اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہو گیا مگر بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر اٹھائے گئے سوالات کا بھارت آج تک تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے کر پیش کرتا رہا ہے، دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔ بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مکاری کھل کے سامنے آ چکی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک پرانی ٹیکسٹ بک جیسا معاملہ تھا، فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ رہی ہے، پہلگام واقعہ پر بھی بھارت نے بھونڈے طریقے اختیار کئے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت اس سے خوفزدہ ہو گیا، بھارت کے پاس اس کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں تھا۔ پاکستان کی نیت اور عزم واضح تھے، پہلگام واقعہ کی انکوائری سے بھارت کا انکار اس امر کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا۔
بھارت کو کسی بھی مس ایڈونچر کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، وزیر اطلاعات

بھارت کو کسی بھی مس ایڈونچر کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، وزیر اطلاعات