پاکستان کے مختلف شہروں اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع سے بے دخل کیے گئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل بدستور جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 15 اپریل کو مجموعی طور پر 7,383 افغان شہریوں کو مختلف ہولڈنگ کیمپوں میں رجسٹریشن اور ضروری انٹری پراسیس مکمل کرنے کے بعد افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
ان افراد کو لنڈی کوتل کے قریب حمزہ بابا مزار کے اطراف قائم ہولڈنگ کیمپ کے علاوہ ناصر باغ، جمعہ خان کیمپ، اضا خیل، صوابی اور ہری پور کے کیمپوں میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔

ذرائع کے مطابق تمام افراد کو رجسٹریشن کے بعد طورخم بارڈر کے راستے افغانستان روانہ کیا گیا۔ واپس بھیجے جانے والوں میں وہ افغان شہری بھی شامل تھے جنہیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی اور ان کی واپسی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ اس دوران سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ عمل کو منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔