خیبرپختونخوا سے مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر انتخابات کے معاملے پر اپوزیشن قیادت اور پی ٹی آئی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ڈرائیور بھی سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آگیا ہے۔
پی ٹی آئی نے سینیٹ کی خالی نشست پر عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کیا ہے جب کہ پارٹی ذرائع کے مطابق غلام بادشاہ جو کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ڈرائیور ہے، اسےکورنگ امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سجاد مہمند کو بھی کورنگ امیدوار بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام تجویزکیا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام مسترد کرکے عرفان سلیم کا نام فائنل کیا، عرفان سلیم کا نام 9 مئی مقدمات میں ہونے کی وجہ سے کچھ پارٹی رہنماؤں کو خدشات تھے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹرگوہر اور سلمان اکرم راجہ نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام بطورکورننگ امیدوار لانے پر اتفاق کیا، بیرسٹرگوہرنے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کوکورنگ امیدوار کے طور پر شامل کرنے کا وعدہ کیا، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے بجائے بشریٰ بی بی کے ڈرائیورکا نام شامل کروایا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہد خٹک نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو کسی بھی طورپرفہرست میں شامل کرنے کی مخالفت کی، پارٹی قائدین نے بشریٰ بی بی کے ڈرائیورکو بطورکورنگ امیدوارلانے پر بھی اعتراض اٹھائے۔
