وفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف نےحج کے انتظامات سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز 18 اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوگی۔
سعودی عرب کے شہر ریاض آمد پرن لیگ سعودی عرب کے عہدیداران نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سال عازمین کے لیے رہائش، کھانے ،پینے اور سفر کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جو سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے تعاون سے ممکن ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو حرمین تیز رفتار ریل کے ذریعےمکہ اورمدینہ کے درمیان تیز رفتار سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے سفر کا دورانیہ کم اور سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایامِ حج کے دوران منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں بھی عازمین کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عبادات کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
سردار یوسف نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حجاجِ کرام پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، اور حکومت سعودی حکام کے ساتھ مل کر حج کے انتظامات کو کامیابی سے مکمل بنائے گی۔
