موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماہانہ 2000 روپے کی رجسٹریشن شروع کردی گئی اور گھر بیٹھے اپلائی کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابقخیبرپختونخوا حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر کم آمدنی والے طبقے کے لیے ‘احساس فیول سپورٹ پروگرام’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کی رجسٹریشن کا آغاز آج 6 اپریل سے ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد روزانہ سفر کرنے والے شہریوں اور چھوٹے ٹرانسپورٹرز پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 2,000 روپے بطور ایندھن سبسڈی فراہم کی جائے گی اور یہ پروگرام خاص طور پر موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشہ مالکان کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
حکومت نے رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے ‘دستک ایپ’ (Dastak App) متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے اہل شہری گھر بیٹھے اپلائی کر سکتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق، ٹرانسپورٹرز کو یہ سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ نظام میں شفافیت برقرار رہے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام براہِ راست غریب طبقے اور روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے اس طرح کے مزید ریلیف اقدامات متعارف کرانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
