امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا اپنی فضائیہ کے کم از کم 7 جنگی طیارے کھو چکا ہے۔
امریکی ٹی وی کے مطابق ایران کی جانب سے امریکا کے گرائے گئے جہازوں میں ایف 35 ، ایف 15 ایگل اور ای تھری جاسوس طیارہ شامل ہے۔
حالیہ واقعے میں ایران کی حدود کے اندر ایک امریکی جنگی طیارہ مار گرایا گیا، ایرانی حکام نے لاپتہ امریکی اہلکار (پائلٹ) کی تلاش کے لیے مالی انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
ابتدائی طور پر ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جدید ایف 35 طیارہ گرایا ہے تاہم بعد میں سامنے آنے والی تصاویر اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ تباہ ہونے والا طیارہ ایف 15 اسٹرائیک ایگل تھا جو طویل فاصلے تک بمباری کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں 2 افراد پر مشتمل عملہ سوار ہوتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں نے طیارہ گرنے سے پہلے پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی تھی۔
خصوصی امریکی فورسز نے ایک اہلکار کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے جبکہ دوسرا تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
