پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی ایک حالیہ پوسٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے معافی مانگ لی ہے۔
نسیم شاہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ سے کی جانے والی حالیہ پوسٹ ان کی مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے تھی، جو ان کے ذاتی خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہامیں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہونے والی ہر سرگرمی کی مکمل ذمہ داری لیتا ہوں۔ نسیم شاہ کے مطابق انہوں نے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں اور اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کر دی ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے اس پوسٹ سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دل سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کے غلط استعمال پر نادم ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے نسیم شاہ پر سینٹرل کنٹریکٹ اور سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جس کے بعد نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر کے یہ وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ایک ٹوئٹ سامنے آیا تھا ۔
