معروف بھارتی اداکارپرکاش راج کی والدہ ’’سورنا لاتھا‘‘ 86 برس کی عمر میں چل بسیں، وہ کافی عرصے سے عمر سے جڑی بیماریوں میں مبتلا تھیں، 61 سالہ پرکاش راج نے والدہ کے انتقال کے صدمے کو زندگی کا نہایت جذباتی مرحلہ قرار دیا ہے کیونکہ انہوں نے اکثر اپنی شخصیت کی تشکیل میں والدہ کے کردار پر بات کی ہے۔
اُن سے والدہ کے انتقال پر آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلیٰ پون کلیان سمیت مختلف شخصیات نے تعزیت کی اور سورنا لاتھا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
پرکاش راج پہلے بھی اپنی والدہ کی صحت کے مسائل، خاص طور پر دماغ میں گلٹی اور سرجری کے بعد یادداشت کھونے سے متعلق بات کرچکے ہیں،اداکارہ نے بتایا تھا کہ والدہ اپنے قریبی رشتے داروں کو پہچان نہیں پاتی تھیں، ان کی صحت کی خرابی نے میری زندگی پر بھی گہرا اثر ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ والدہ سرجری کے بعد اپنی بہن اور اپنے بیٹے تک کو بھول گئیں، یہ سوچ کر ہی میں کانپ اٹھتا تھا کہ میری والدہ سب بھول جائیں گی، میں اُن کے سکول زمانے کے دوستوں کو بلاکر اُن سے بات کرواتا تھا۔
پیشہ ورانہ طور پر پرکاش راج حال ہی میں فلم ’تیرے عشق میں‘ میں نظر آئے اور جلد ہی ’جنا نایگن‘ میں دکھائی دیں گے، جس کی ریلیز فی الحال مؤخر ہے۔
