اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے ایران کے جنوبی شہر مناب میں ایک اسکول پر ہونے والے مہلک میزائل حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کی فوری نشاندہی کا مطالبہ کیا ہے۔
اطالوی سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے کہا کہ وہ مناب کے اسکول میں کم عمر لڑکیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوس ناک واقعے میں بہت کم عمر طالبات جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، جو ایک بڑا انسانی سانحہ ہے۔
اطالوی وزیراعظم نے متاثر خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے واقعے کی ذمہ داری جلد ازجلد طے کی جانی چاہیے اورحقیقت دنیا کے سامنے آنی چاہیے۔
ایران نے اس حملے کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق مشرق وسطی میں جاری جنگ کے پہلے دن ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 167طالبات ہلاک ہوئیں۔
