امریکا ایران مذاکرات: چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کردی پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

امریکا ایران مذاکرات: چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کردی

امریکا ایران مذاکرات: چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کردی

امریکا ایران مذاکرات: چین نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کردی

چین نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کی حمایت کردی ہے۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے بیجنگ میں پریس بریفنگ میں کہا کہ ایران جنگ کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ اور عالمی سطح پر پھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور بات چیت ہی اس بحران کا واحد مؤثر حل ہیں۔

پاکستان کی سفارتی کوششوں سے متعلق ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کشیدگی میں کمی، صورت حال کو قابو میں لانے اور مذاکرات کی بحالی میں معاون ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔

آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کے حوالے سے لِن جیان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام قائم رکھنا اور اہم بحری راستوں کو محفوظ بنانا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین خطے کے ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر خلیج کے علاقے میں جلد از جلد امن و سکون کی بحالی کے لیے اقدامات کرے گا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی عالمی سپلائی چین کے لیے بڑا نقصان ہے اور چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر توانائی کے مسائل کا حل تلاش کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے منگل کو اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد امریکا اور ایران کے مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بھی شیئر کیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی ایک ایرانی عہدیدار کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے مذاکرات کے لیے امریکی تجویز ایران کو پہنچا دی ہیں، جب کہ فریقین کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان یا ترکیہ زیرِ غور ہیں۔

Exit mobile version