قبائلی ضلع باجوڑ میں مقیم افغان مہاجرین کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے مہاجرین کو افغانستان واپسی کی تیاری کرنے اور ضلع خیبر کے راستے طورخم بارڈر جانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ناواگئی میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو اپنے قیام کی جگہیں خالی کرنے کا حکم دیا۔ یہ کارروائی تحصیلدار عالم زیب کی نگرانی میں کی گئی، جہاں مہاجرین کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق مقامی افراد کی درخواست پر مہاجرین کو محدود مہلت بھی دی گئی ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل صبح آٹھ بجے تک اپنے انخلا کے تمام انتظامات مکمل کر لیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد بھی اگر مہاجرین نے علاقہ خالی نہ کیا تو پولیس کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس دوران لیڈیز پولیس اہلکار بھی آپریشن کا حصہ ہوں گی تاکہ خواتین سے متعلق امور کو مناسب طریقے سے نمٹایا جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔
