پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آ گئی ہے اور انخلا کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر سے 32 ہزار 932 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ 401 افراد اس وقت ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 12 ہزار 498 مرد، 6 ہزار 686 خواتین اور 13 ہزار 748 بچے شامل ہیں، جو اس مہم کے وسیع دائرہ کار کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق بے دخل کیے جانے والوں میں 10 ہزار 482 ایسے افراد شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، 11 ہزار 100 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 11 ہزار 350 مکمل طور پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کریک ڈاؤن آئندہ دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا اور صوبے میں غیر قانونی رہائش کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی۔
