راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف سے وکلا اور اہلِ خانہ کی ملاقات کا دن کل منگل کو مقرر ہے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چھ وکلا رہنماؤں پر مشتمل فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق فہرست میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں، جو دیگر وکلا کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں گے۔
فہرست میں فیصل ملک، چوہدری اویس یونس اور خالد یوسف چوہدری کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ وکیل فتح اللہ برکی بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلا رہنما پارٹی امور، جاری قانونی معاملات اورآئندہ حکمت عملی سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے اور ان سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کل اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آئیں گی۔ اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کی فیملی کے افراد کی بھی ملاقات متوقع ہے۔
جیل حکام کی جانب سے ملاقات کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ملاقات مقررہ ضابطوں کے مطابق کرائی جائے گی۔
