چین نے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی طلبہ کے والدین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا کی جانب سے 2 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد دی جائے گی۔ یہ امدادی رقم باقاعدہ طور پر ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کی جائے گی تاکہ اسے متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جا سکے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ امداد خاص طور پر ان طلبہ کے والدین کے لیے مختص کی گئی ہے جو حالیہ حملوں میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بیجنگ عام شہریوں پر کیے جانے والے اندھادھند حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی تصور کرتا ہے۔
چین کی جانب سے یہ اقدام ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا سکے۔
