بالاکوٹ میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے ٹک ٹاکر جاوید مہانڈری کو قتل کردیا تاہم پولیس اہلکار شاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ میں رمضان کے مہینے میں افطار کے دوران ہونے والے ایک واقعے میں مقامی ٹک ٹوکر جاوید مہانڈری جاں بحق ہوگئے۔
گذشتہ شام بالاکوٹ میں دریا کنارے افطار سے کچھ پہلے پولیس اہلکار شاہد نے پستول نکالی اور فائر کردیا، جس کے بعد ٹک ٹاکر زمین پر گرگیا تاہم واردات کے بعد پولیس اہلکار فرارہوگیا۔
واقعے کی وائرل ویڈیو میں ابتدا میں دوستانہ ماحول دکھائی دیتا ہے، لیکن بعد میں ایک پولیس اہلکار کا پستول نکالنا اور اس کے اچانک چلنے کے بعد مہاندری کی موت دیکھی جا سکتی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ ہتھیار خالی ہے، مگر چیمبر میں موجود گولی مہاندری کے لیے مہلک ثابت ہوئی۔
ہلاکت کے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج کیا، پولیس اسٹیشن پر پتھراؤ کیا اور گاڑی اور اسٹیشن کے کچھ حصے جلانے کی کوشش کی۔
پولیس نے اہلکار شاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف دفعہ تین سو دو کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
بالاکوٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس صابر خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مہاندری ایک دوستانہ اور مقبول شخصیت تھے جن کی موت انتہائی تشویشناک ہے۔
جاوید مہاندری اپنے منفرد انداز اور مزاحیہ ویڈیوز کے لیے مشہور تھے، اور ان کے وفات کے بعد بالاکوٹ میں غم کی فضا پھیل گئی ہے۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
