ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ میزائل حملوں میں اب تک مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد 560 ہو گئی ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق کویت میں امریکی فوجی اڈے کو مکمل طور پر ناکارہ بنایا گیا اور امریکا کے طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو چار میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
تاہم امریکی سینٹ کام کے مطابق ابراہام لنکن ایرانی میزائلوں کا نشانہ نہیں بنا اور میزائل بحری بیڑے کے قریب تک نہیں پہنچ سکے۔ سینٹ کام نے تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور پانچ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکا اور برطانیہ کے تین تیل بردار جہازوں پر بھی حملے کیے ہیں۔ علاوہ ازیں، بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا اور مسقط کے قریب ایک بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا اور ایران کے بیٹے دفاع وطن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج پہلے سے طے شدہ اور مشق شدہ منصوبوں کے تحت کام کر رہی ہے، جس میں ڈرون، فضائی دفاع اور نیوی بھرپور کوآرڈینیشن کے ساتھ متحرک ہیں۔
جنرل حاتمی کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران دفاع وطن اور خطے میں حکمت عملی کے ہر اقدام کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دشمن کے کسی بھی ممکنہ حملے کا سخت جواب دینے کا عزم رکھتا ہے۔
