اسلام آباد: سینیٹ نے افغان جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی۔
سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان پر افغان طالبان نے حملہ کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان افغان جارحیت کی مذمت کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جو بھی پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرے گا اسے سخت جواب دیا جائے گا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 40 سال سے لاکھوں افغانوں کو پناہ دی، لیکن افغانستان خیر سگالی کے بجائے ہمیشہ دشمنانہ اقدامات کرتا ہے، افغان حکومت فوری طور پر دشمنی بند کرے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ روز افغان حکومت کے اقدامات کا جواب دیا ہے، اس پر آج سینیٹ میں قرارداد پیش کی جا رہی ہے۔
