اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے افغان طالبان کو موثر جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری افواج دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں اور پرعزم ہیں کہ ملک کے امن و استحکام کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج قومی دفاع کے فرائض جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت سے سرانجام دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج موثر دفاعی حکمت عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دی ہے اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم پاکستانی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
