اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں سکیورٹی اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی باقاعدہ ڈیجیٹل ٹیگنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ عمل 20 فروری سے شروع ہو چکا ہے اور شہریوں کو اپنی موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے دارالحکومت میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری شناخت اور ٹریکنگ میں مدد ملے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی بائیک پر ایم ٹیگ چسپاں کریں اور متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنی موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لے جانا ہوگا۔ چند منٹ کے اندر ایم ٹیگ جاری کر کے موٹر سائیکل پر چسپاں کر دیا جائے گا۔ ایم ٹیگ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں مختلف مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جن میں جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامنِ کوہ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو شامل ہیں۔ شہری اپنی سہولت کے مطابق ان مقامات پر جا کر اپنی موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ لگوا سکتے ہیں۔
