برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران نے گزشتہ برس اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران تباہ ہونے والے اپنے فضائی دفاعی نظام کی بحالی کے لیے روس کے ساتھ خفیہ طور پر تقریباً 60 کروڑ ڈالر کے اسلحے کی خرایدری معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ہزاروں جدید کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے میزائل حاصل کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ گزشتہ برس دسمبر میں ماسکو میں طے پایا جس کے تحت روس تین سال کے دوران ایران کو 500 ’وربا‘ (Verba) لانچ یونٹس اور 2500 ’9M336‘ میزائل فراہم کرے گا۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ وربا روس کے جدید ترین پورٹیبل فضائی دفاعی نظاموں میں شمار ہوتا ہے، یہ کندھے پر رکھ کر فائر کیا جانے والا انفراریڈ گائیڈڈ میزائل ہے جو کروز میزائلوں، کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت ائیر ڈیفنس سسٹم کی ترسیل تین مرحلوں میں 2027 سے 2029 کے درمیان مکمل کی جائے گی،اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ان سسٹمز کی محدود تعداد پہلے ہی ایران کو فراہم کی جا چکی ہو۔
