لاہور: ثانیہ اشفاق نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم پر واٹس ایپ چیٹ شیئر کرتے ہوئے اسقاط حمل پر مجبور کرنے کا الزام لگایا ہے۔
گزشتہ دنوں ثانیہ اشفاق نے انسٹاگرام پر کئی پیغامات شیئر کیے ہیں جس میں انہوں نے 37 سالہ کرکٹر پر بے وفائی، بچوں کو نظر انداز کرنے اور اسقاط حمل پر مجبور کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
یہ الزامات عماد وسیم کی جانب سے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کے بعد سامنے آئے ہیں، جو انہوں نے اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی کے اعلان کے صرف 2 ماہ بعد نائلہ راجہ سے کی تھی۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے دعووں کی تائید کے لیے جولائی 2025 سے واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں۔ مبینہ پیغامات میں کرکٹر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ ان سے یا ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرتی ہے تو وہ قانونی کارروائی کریں گے۔

اسکرین شاٹس کے مطابق ثانیہ، جو کہ فی الحال حاملہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں، نے بچے کی پیدائش کے وقت ان سے حاضر ہونے کی درخواست کی تھی، تاہم کرکٹر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور مبینہ طور پر دھمکی دی کہ اگر انہوں نے شرطیں نہ مانیں تو وہ پولیس میں شکایت کریں گے۔
واضح رہے کہ ثانیہ اشفاق نے گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے عماد وسیم پر دسمبر 2023 میں اسقاط حمل پر مجبور کرنے کا الزام لگایا تھا اور انہیں قاتل قرار دیا تھا، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کے پاس اپنے الزامات کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے اصولوں، ضابطوں اور اقدار کے مطابق کارروائی کرے۔
مزید برآں، ثانیہ اشفاق نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے معاملے کا نوٹس لینے اور تحقیقات شروع کرنے کی اپیل کی تھی۔
یاد رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی جب کہ ان کی طلاق دسمبر 2025 میں طے پائی تھی۔پاکستان کے لیے 55 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے عماد وسیم نے اپنی پہلی شادی کے اختتام کو اپنی زندگی کا مشکل ترین باب قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں اپنی زندگی کے مشکل ترین دور سے گزرا جب ایک شادی کامیاب نہ ہوسکی، اس باب نے مجھے میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت دی، میرے بچے، میں ان سے لفظوں سے زیادہ پیار کرتا ہوں۔