وفاقی دارالحکومت میں مقیم افغان باشندوں کے گرد سکیورٹی کا گھیرا مزید سخت کر دیا گیا ہے، اور پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کی مکمل چھان بین کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ مشتبہ شناختی کارڈز کی جانچ اور تصدیق کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
اسلام آباد پولیس کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں سے مکمل پوچھ گچھ کی جائے اور ان کے ریکارڈ کی تصدیق یقینی بنائی جائے۔ وزارت داخلہ نے بھی شناختی کارڈز کی تصدیق اور بلاک کرنے کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس ایچ اوز افغان باشندوں کے ریکارڈ کی بیک ٹریکنگ یقینی بنائیں اور متعلقہ حدود میں ویزا ہولڈر افغان شہریوں کی میپنگ کے عمل کو جلد مکمل کریں۔ تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں قانونی ویزا پر موجود افغان شہریوں کی مکمل معلومات حاصل کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
یہ اقدام وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی اور شناختی ریکارڈز کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا شناختی کارڈ کے غلط استعمال کی روک تھام ہو سکے۔
