اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی بانی کو ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی کو اپنے بچوں قاسم اور سلمان کو ٹیلی فونک رابطے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
رپورٹ کے متن کے مطابق عمران خان نے طبی سہولیات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ماہرین امراض چشم تک رسائی مانگی جسے عدالت میں پڑھ کر سنایا گیا۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ حکومت آنکھوں کے ماہرین تک رسائی دینے کو تیار ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ حکومت اچھے موڈ میں ہے، پی ٹی آئی کے بانی کو ان کے بچوں سے ٹیلی فونک رابطے کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔
انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اس وقت ریاستی حراست میں ہیں، ان سمیت تمام قیدیوں کو یکساں طبی سہولیات ملنی چاہئیں، وہ یہ نہیں کہیں گے کہ بانی کو دیگر قیدیوں سے زیادہ سہولیات دی جائیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے، عدالت کے دوست اور جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹس ایک جیسی ہیں۔
