لندن :پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے دو صاحبزادے قاسم خان اور سلیمان خان لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویزا حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹس کے مطابق، دونوں کی ویزا درخواستوں میں تکنیکی خامیوں کی وجہ سے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں نے گزشتہ ماہ ویزا کے لیے درخواستیں دی تھیں، لیکن مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ان کی درخواستیں وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں زیر التوا ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، درخواست گزاروں سے کہا گیا تھا کہ درخواستوں میں موجود خامیوں کو دور کریں، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ دونوں برطانوی پاسپورٹ ہولڈرز نے اپنی جائے پیدائش لندن ظاہر کی اور درخواستوں میں پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں دکھایا۔ علاوہ ازیں، مقررہ فارمز میں سفری تاریخ بھی درست طور پر فراہم نہیں کی گئی۔
