اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ اور خوارج پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں کانٹا بننا چاہتے ہیں لیکن ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے دشمن کو ذلت آمیز شکست دی، ہمارے مشرقی ہمسایہ اور دیگر خوارج مل کر پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں کانٹا بننا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔
دہشت گردی کا ضرور مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا لیکن یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کس طرح مزدور وہاں مزدوری کے لیے گئے ہیں، جو ننھے منھے پھول جیسے بچوں اور خواتین کو کس طرح قتل کیا گیا، یہ ایک ایسا الم ناک واقعہ ہے کہ پوری قوم سوگوار ہے۔پوری قوم اپنے پورے عزم کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے اور وہ دن آئے گا کہ یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور اس ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ خاتمہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران میں جو کشیدگی چل رہی تھی، اس حوالے سے پاکستان نے پورا برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے خود، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت سے بالمشافہ ملاقات ہوئی، ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی اور مختلف جگہوں پر ان سے بات چیت کی اور بھائی کے طور پر جتنا کردار ادا کیا جاسکتا ہے کیا۔
اس میں قطر، ترکیہ، مصر، عمان اور سعودی عرب سمیت مسلمان ممالک شامل ہیں اور پوری کوشش ہے کہ بات چیت کے ذریعے ایک ایسا راستہ نکل آئے تاکہ خطے میں جو خطرات منڈھلا رہے ہیں وہ ختم ہوجائیں اور خطے میں دیرپاامن قائم ہوجائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 5 فروری یوم یک جہتی کشمیر پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ان کی عظیم تحریکیں، قربانیوں کے ساتھ پشاور سے لے کر کراچی تک مکمل طور پر اظہار یک جہتی کرے گی اور مختلف شہروں میں اپنے اپنے انداز میں کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی والہانہ وابستگی کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں خود اپنے ساتھیوں کے ساتھ کل آزاد کشمیر جاؤں گا اور پوری قوم کی طرف سے بھرپور یک جہتی کا پیغام دیں گے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے بڑی اچھی گفتگو ہوئی، میں نے ان کو جس دن ان کا انتخاب ہوا تھا اسی دن فون کرکے کہا تھا کہ وفاق آپ کے ساتھ پوری طرح تعاون کرے گا چاہے آپ کا تعلق کسی بھی جماعت ہو وہ بعد کی بات ہے اور پہلے پاکستان ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ پاکستان کے ایک انتہائی اہم، خوب صورت اور ایک ایسے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں جہاں لوگ بڑے عظیم پاکستانی ہیں، دلیر اور بہادر لوگ ہیں اور انہوں نے پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
