امیر جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی اور صوبائی صدر جمیعت علماء اسلام لائرز فورم خیبر پختونخواہ جلال الدین ایڈووکیٹ انتقال کر گئے ،مرحوم کی نمازجنازہ مفتی محمودمرکز پشاورمیں اداکی گئی ،ان کی وفات نے جماعتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے ان کی وفات پرجنوبی افریقہ سے ایک تعزیتی پیغام میں دلی افسوس اور رنج کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جلال الدین ایڈووکیٹ مرحوم میرے دیرینہ رفیق اور نہایت بااعتماد ساتھی تھے، انہوں نے ہر ذمہ داری کو دیانت، حکمت اور اخلاص کے ساتھ نبھایا، ان کی جدائی میرے لیے ذاتی طور پر بھی صدمے کا باعث ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک مخلص اورقابل رہنما سےمحروم ہو گئی ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اوران کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
جمعیت علما اسلام پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا محمد صفی اللہ،سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، نائب امرا،صوبائی ترجمان نے جمعیت لائرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر جلال الدین ایڈووکیٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعیت علما اسلام پنجاب کے قائم مقام امیرنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جلال الدین ایڈووکیٹ نے جمعیت علما اسلام کےلئے سیاسی، بین الاقوامی تعلقات اور سفارتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں،ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
