پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے دوران حادثات، 9 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کے شدید سلسلے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 22 جنوری سے اب تک ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 بچے، ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ شدید موسمی حالات کے باعث 5 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، چھتیں گرنے اور برفانی تودوں کے حادثات رپورٹ ہوئے۔
خصوصی طور پر چترال، مالاکنڈ، شانگلہ اور خیبر میں لینڈ سلائیڈنگ اور برف باری کے باعث شدید تباہی دیکھی گئی۔ حکام کے مطابق بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ کل رات سے شروع ہو کر منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر عوام کو اضافی احتیاط اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ برفانی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرناک مقامات سے گریز کریں، اور محفوظ رہائش گاہوں میں رہیں۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ شدید بارشیں اور برفباری معمول سے زیادہ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں مزید احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔
