محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں کے موسم سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ اس دوران پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیے گئے:
لہہ: منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ
اسکردو، گوپس، بگروٹ: منفی 06
زیارت، پاراچنار: منفی 04
قلات، استور، کالام: منفی 03
آج سوموار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
