ملک میں سردی کا راج! بارش ہوگی یا سورج چمکے گا؟ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آ گئی تازہ ترین Roze News
تازہ ترین موسم

ملک میں سردی کا راج! بارش ہوگی یا سورج چمکے گا؟ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آ گئی

ملک میں سردی کا راج! بارش ہوگی یا سورج چمکے گا؟ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آ گئی

ملک میں سردی کا راج! بارش ہوگی یا سورج چمکے گا؟ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی سامنے آ گئی

ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور گھنے دھند نے شہریوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ دھند اور فضائی آلودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں بھی بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں دھند اور سردی کا راج
لاہور شدید دھند کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سفیدی چھا گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔ شہر میں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ دن کے وقت سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، تاہم دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور چھٹے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 186 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔

کراچی اور اسلام آباد میں سردی اور آلودگی
شہر قائد کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے اور فضائی معیار بدستور خراب ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ شہر کی فضا میں ذرات کی مقدار 195 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر ہیں۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر 6 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دیگر علاقوں کی صورتحال
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، تاہم مری اور گلیات میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے وقت کہرا پڑ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع
دو روز قبل شدید سردی کے باعث سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ سکول اور کالجز اب 12 جنوری کے بجائے 19 جنوری 2026 کو کھلیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر 19 جنوری کے بعد چھٹیوں میں مزید توسیع کی ضرورت پیش آئے گی یا نہیں۔

شہریوں کو محکمہ موسمیات کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر صبح و رات کے اوقات میں دھند اور سردی کے دوران سفر کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات اختیار کرنا لازمی ہے۔

Exit mobile version