واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک اور دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو سخت کارروائی کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو ایران چھوڑنے کا مشورہ دے دیا، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے مذاکرات ختم اور حکام سے ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں، قتل عام رکنے تک کوئی ملاقات نہیں ہوگی، ایران انسانیت کا مظاہرہ کرے اور قتل عام بند کرے۔
صحافی نے سوال پوچھا کہ مظاہرین کی مدد کیلئے کوئی آ رہا ہے، اس کا مطلب کیا ہے؟ سوال کے جواب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آپ کو خود اس کا مطلب سمجھنا ہوگا، ہم نے امن کی راہ میں رکاوٹ ایرانی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا، البغدادی اور قاسم سلیمانی کو مارنا ہماری کامیابی ہے۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر نے ایران میں سراپا احتجاج مظاہرین کی پشت پنائی اور انہیں اکسانے کی بھی کوشش کی، امریکی صدر نے کہا کہ مظاہرین احتجاج جاری رکھیں، مدد پہنچنے والی ہے، مظاہرین ایرانی اداروں کا کنٹرول حاصل کرلیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ قاتلوں اور ظالموں کو بھاری قیمت چکانا ہوگی، اس کے جواب میں ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ کا بیان شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کو ایرانی عوام کا قاتل قرار دے دیا۔
