امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی عوام کو پیغام میں کہا ہے کہ ایرانی عوام احتجاج جاری رکھیں۔ مدد پہنچنے والی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین احتجاج جاری رکھیں اور ملک کے اداروں کا کنٹرول سنبھالیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کے قتل اور تشدد میں ملوث افراد کے نام محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
امریکی صدر نے اعلان کیا کہ جب تک مظاہرین کے بے مقصد قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ ایرانی حکام کے ساتھ تمام ملاقاتیں منسوخ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں حکومت مخالف پرتشدد احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کر چکے ہیں۔ اور سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی حکومت نے ملک میں افراتفری کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا۔ جبکہ ایران کے سابق جلا وطن ولی عہد اور اسلامی جمہوریہ کے نمایاں مخالف رضا پہلوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اور قومی انقلاب کی فتح کے موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔
