پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں اس کیس میں بھی سزا کی پیش گوئی کر دی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک اور شیخ مجیب الرحمان پیدا نہیں ہونا چاہیے، اگرحکومت پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلہ پر عملدرآمد کرتی تو سانحہ 9 مئی نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک دشمن سیاست سے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، میں بانی کو غدار کا لیبل نہیں دینا چاہتا یہ سپریم کورٹ کا کام ہے۔
اکبر ایس بابر نےانکشاف کیا بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے ذریعے مقدمات کا خاتمہ اور مُک مُکا کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی پر میرے تمام الزامات عدالت میں ثابت ہوئے، خیبرپختونخوا میں یہ ہمیں پتھر کے زمانے کی طرف لے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت شہیدوں کے جنازے کو کندھا دینے کیلئے تیار نہیں، پی ٹی آئی والے دہشت گرد کو دہشت گرد کیوں نہیں کہتے؟ پاکستان کا دفاع مضبوط نہ ہو تو کیا بھارت ہمیں بخشے گا؟
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ اپوزیشن لیڈرز کی تقرری کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سزا یافتہ شخص کے نامزد اپوزیشن لیڈر کی تقرری غیرقانونی ہوگی۔
