پنجاب میں 16 جنوری تک شدید سردی کی پیش گوئی کر دی گئی جبکہ آج صبح لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔
ٹورازم ڈپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دھند و اسموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے طلباء و طالبات کو سردی کے حوالے سے مناسب لباس کی ہدایات جاری کریں۔ کلاس رومز میں سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تمام اسپتال بالخصوص بنیادی ہیلتھ یونٹس، ادویات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ عوام الناس سے گزارش ہے سردی کی شدت سے خود کو محفوظ رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
