ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے چینی اور شنگھائی حکومت کے اسکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کیلیے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھایا جائے گا۔
ایچ ای سی نے بتایا کہ ماسٹرز ڈگری پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست، صحافت سمیت دیگر شعبے شامل ہیں جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز میں فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے مضامین پیش کیے جا رہے ہیں۔
اسکالرشپس کے تحت منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ (ماسٹرز کیلیے 3,000 آر ایم بی اور پی ایچ ڈی کیلیے 3,500 آر ایم بی تک) کے علاوہ جامع طبی انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا اور درست پاسپورٹ کا حامل ہونا ضروری ہے۔ ماسٹرز کے امیدواروں کیلیے بیچلرز جبکہ پی ایچ ڈی کے امیدواروں کیلیے ماسٹرز ڈگری لازمی ہے۔
انگریزی زبان کی مہارت کیلیے آئی ای ایل ٹی ایس (6.5 یا اس سے زائد)، ٹوفل، ڈوولنگو یا پی ٹی ای کی شرط رکھی گئی ہے تاہم وہ امیدوار مستثنیٰ ہوں گے جن کی سابقہ تعلیم مکمل طور پر انگریزی میں ہو۔
پی ایچ ڈی کے امیدواروں کیلیے سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازم قرار دی گئی ہے۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار درخواست سے متعلق مکمل رہنمائی ایچ ای سی کی ویب سائٹ جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔ایچ ای سی نے اہل پاکستانی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس قیمتی بین الاقوامی تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
دوست ہو تو چین جیسا ! پاکستانی طلبہ کیلئے ایسا شانداراعلان کہ سب دنگ رہ جائیں

دوست ہو تو چین جیسا ! پاکستانی طلبہ کیلئے ایسا شانداراعلان کہ سب دنگ رہ جائیں