فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج، ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دی
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پٹوار سرکل میں اراضی کے ریکارڈ میں جعلسازی کے انکشاف کے بعد فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد نے مقدمے میں سابق حلقہ پٹواری نجف حمید اور ریونیو افسر عبد الظہور کو ملزم نامزد کیا ہے۔
مقدمے میں جعلسازی، دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق نجف حمید نے ایک اور پٹواری کے ساتھ مل کر ایک کنال پلاٹ کی ملکیت تبدیل کی، جس میں جعلی رجسٹری اور بوگس انتقالات کے ذریعے اصل ایک کنال زمین کی جگہ صرف دس مرلے منتقل کیے گئے۔
زمین کی فرد ملکیت اور سرکاری ریکارڈ میں یہ جعلسازی 2009 اور 2010 میں کی گئی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ایف آئی اے کے حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس معاملے میں شامل تمام افراد اور زمین کی اصل ملکیت کی تصدیق کی جا سکے۔
ایف آئی اے کے مطابق اس کیس میں شامل دیگر قانونی پہلوؤں کی جانچ بھی جاری ہے، اور حکام نے تمام متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات کو حاصل کر کے مکمل تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
اس معاملے نے نہ صرف سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی زمین کے ریکارڈ میں شفافیت اور سرکاری اہلکاروں کے کردار پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
