مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست اب کارکردگی کے بجائے شور شرابے، الزام تراشی اور دوسرے صوبوں میں مداخلت تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اس وقت بدامنی، معاشی ابتری، بے روزگاری اور صحت و تعلیم کے سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے، جو پی ٹی آئی کی برسوں کی حکمرانی کی واضح ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، مگر اس سب کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت صوبے کے مسائل حل کرنے کے بجائے پنجاب آ کر سیاسی تماشے اور انتشار پھیلانے میں مصروف ہے۔
عابد شیر علی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے طویل عرصے تک خیبر پختونخوا پر حکومت کی، لیکن نہ عوام کو امن ملا، نہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور نہ ہی صحت و تعلیم کے شعبوں میں کوئی نمایاں بہتری آئی۔ آج بھی صوبہ غیر سنجیدہ تجربات اور نااہلی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے، جس کا خمیازہ عام شہری بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے پنجاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب پنجاب میں عملی گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور نظم و نسق کا تسلسل واضح طور پر فرق دکھاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب نعروں اور الزامات کے بجائے عملی کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست دن بدن کمزور ہو رہی ہے۔
سینیٹر عابد شیر علی نے زور دیا کہ سیاست کا اصل مقصد عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور انتشار، اور اگر پی ٹی آئی واقعی عوام کی خیر خواہ ہے تو اسے دوسرے صوبوں میں مداخلت کے بجائے خیبر پختونخوا کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
