مسجد نبویؐ کے معروف مؤذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی خبر سنتے ہی عالمِ اسلام میں غم اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ دنیا بھر سے علما، نمازیوں اور عقیدت مند مسلمانوں نے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ منگل کے روز فجر کی نماز کے بعد مسجد نبویؐ میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں تاریخی جنت البقیع (بقیع الغرقد) میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شیخ فیصل نعمان کو 1422 ہجری (2001 عیسوی) میں مسجد نبویؐ کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ عظیم اور مقدس ذمہ داری 25 برس تک نہایت اخلاص، عاجزی اور عقیدت کے ساتھ انجام دی۔وہ 1422 ہجری سے 1447 ہجری تک مسلسل مسجدِ رسولؐ سے اذان دینے کے فرائض سرانجام دیتے رہے. شیخ فیصل نعمان ایک ایسے معزز خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کی خدمات نسل در نسل مسجد نبویؐ میں اذان سے وابستہ رہیں۔ اس مبارک سلسلے کے ذریعے مسجدِ رسولؐ سے بلند ہونے والی اذان کی آواز نسلوں تک دلوں کو منور کرتی رہی اور امتِ مسلمہ کے لیے روحانی سکون کا ذریعہ بنی۔ ان کی وفات پر مختلف مذہبی شخصیات، علما اور مسلمانوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ فیصل نعمان کی آواز میں دی جانے والی اذان لاکھوں دلوں کو خشوع اور سکون عطا کرتی تھی۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کے لیے دعائیں اور تعزیتی پیغامات جاری ہیں۔ شیخ فیصل نعمان ایک عظیم دینی خدمت انجام دے کر رخصت ہوئے۔ ان کی زندگی مسجد نبویؐ، اذان اور اللہ کے ذکر سے جڑی ایک روشن مثال ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔
Leave a Comment
