آج رواں سال کی طویل رات اور 22 دسمبر مختصر ترین دن ہوگا پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

آج رواں سال کی طویل رات اور 22 دسمبر مختصر ترین دن ہوگا

آج رواں سال کی طویل رات اور 22 دسمبر مختصر ترین دن ہوگا

آج رواں سال کی طویل رات اور 22 دسمبر مختصر ترین دن ہوگا

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں مختلف ہوسکتی ہیں، ماہرین فلکیات

ماہرین فلکیات نے بتایا ہے کہ رواں سال آج کی رات شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہوگی جبکہ آج (22 دسمبر) سال کا مختصر ترین دن منایا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق طویل ترین رات کا آغاز رات 8:03 منٹ پر ہوا اور درمیانی شب زمین کے شمالی نصف کرے میں سال کی سب سے طویل رات ہوگی۔ کراچی میں آج کی رات 13 گھنٹے 25 منٹ کی ہوگی، جبکہ دن صرف 10 گھنٹے 35 منٹ پر مشتمل ہوگا۔

فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر کے درمیان کسی بھی دن ہو سکتی ہیں۔ اس سال یہ لمحہ 22 دسمبر کی رات اور دن کو ملا ہے۔ اس خاص دن کو فلکیات کی زبان میں ’’ونٹر سولسٹائس‘‘یا ’’شمالی سولسٹائس‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین نے مزید وضاحت کی کہ زمین اپنے محور پر تقریباً 23.4 درجے کے زاویے سے جھکی ہوئی ہے اور محوری گردش کے دوران زمین کا محور لٹو کی مانند ہلتا رہتا ہے۔ سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور سورج کی مخالف سمت کی جانب سب سے زیادہ جھک جاتا ہے، جس کے نتیجے میں طویل ترین رات اور مختصر ترین دن پیدا ہوتا ہے۔

زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہتی ہے، اس لیے انقلابِ سرما کے لمحے کے فوراً بعد ہی محور کا جھکاؤ پلٹنا شروع ہو جاتا ہے اور شمالی نصف کرے کے دن لمبے اور راتیں چھوٹی ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

یہ فلکیاتی موقع نہ صرف سائنسدانوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے بلکہ عام لوگ بھی اسے رات کے لمبے وقت اور دن کے مختصر ہونے کے لحاظ سے محسوس کر سکتے ہیں۔

Exit mobile version