سینئر صحافی انصار عباسی نے بھارتی ریاست بہار میں مسلمان خاتون کا حجاب کھینچے جانے کے واقعے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان میں بیٹھے ہیں۔ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی ریاست بہار میں ایک پردہ کرنے والی مسلمان خاتون کا حجاب اتارنا انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوتوا نظریات کا بھارت میں غلبہ ہے، اور ہندوستان کے مسلمانوں پر سب سے زیادہ ظلم ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان میں بیٹھے ہیں اور ہمارا اپنا ایک ملک ہے۔’ہمیں اس طرح کے واقعات باربار یاد دلاتے ہیں کہ دو قومی نظریہ اس وقت بھی ٹھیک تھا اور اب بھی ٹھیک ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب زبردستی اتارنے کی کوشش کی گئی۔کانگریس نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ کا یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے۔ ایک خاتون ڈاکٹر اپنا اپائنٹمنٹ لیٹر لینے آئی تھیں اور اس موقع پر نتیش کمار نے ان کا حجاب اتارنے کی کوشش کی جو نہ صرف بدتمیزی بلکہ ناقابلِ معافی عمل ہے۔کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ فوری طور پر استعفیٰ دیں۔
Leave a Comment
