وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جیل سے پیغام آ چکا ہے، اب آزادی حاصل کریں گے ورنہ موت کو ترجیح دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں جلسے کا اہتمام کیا، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت اہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے شرکت کی، اور جوشیلے خطابات کیے۔سہیل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب ہم جائیں گے تو آزادی حاصل کرکے لوٹیں گے یا کفن میں واپس آئیں گے۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جن سے ہمیں انصاف کی توقع تھی، وہ ہمیں انصاف نہیں دے رہے۔ عدالتوں کے جج ہم سے ملنا بھی گوارا نہیں کرتے۔ عمران خان کی اہلیہ کو جعلی مقدمات میں ناحق قید کیا گیا ہے۔سہیل آفریدی نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ مینڈیٹ چور، جس نے لاہور کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیراعلیٰ بنی، وہ مجھے مشورے دے رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہاکہ یہاں پر پالیسی صرف عمران خان کی چلے گی، یہاں پر راج عمران خان کا ہو گا، وہ مقبول اور قبول ترین لیڈر ہے، اُس نے ہماری تربیت کی ہے، ہم اُس کی ہی سنیں گے۔قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہاکہ سہیل آفریدی صرف عمران خان اور آئی ایس ایف کا سپاہی نہیں، بلکہ پاکستان کے قبائل کا وہ بیٹا ہے جو جب پاکستان کی بات آتی ہے تو سب کچھ قربان کر دیتا ہے، مگر پاکستان پر سودے بازی نہیں کرتا۔پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما شفیع جان نے بھی جوشیلی تقریر کی اور کہاکہ آپ کہتے ہیں کہ ہم تحریکِ انصاف پر پابندی لگائیں گے، عمران خان پر غداری کا مقدمہ بنائیں گےانہوں نے مزید کہاکہ الیکشن سے پہلے آپ نے کہا تھا کہ عمران خان پر کراس لگ چکا ہے، لیکن ہر روز عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے پشاور میں جلسے کا اہتمام کیا تھا، جس میں محمود خان اچکزئی، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
Leave a Comment
