کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پارٹی کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ اور عاجز دھامراہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے کچھ وزرا بیان بازی کر رہے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف اپنے لوگوں کو سمجھائیں، یہی روش رہی تو بات نہیں بنی گی۔متنازع کنالز پر پیپلز پارٹی کا واضح موقف رہا ہے، کوشش ہے کہ مسئلے کو حل کیا جائے، لوگوں کے جائز خدشات ہیں، نگران حکومت کے دوران ارسا نے سرٹیفکیٹ جاری کیا اور کہا کہ کنالز بنائیں پانی موجود ہے۔
اس وقت بھی سندھ کے نمائندے نے مخالفت کی تھی، جو لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی بعد میں جاگی ہمارے پاس رکارڈ موجود ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے مخالفت کی، 16 جون کو وزیر اعلی نے سمری سائن کی اور 3 جولائی کو سمری وفاق کو پہنچ چکی تھی۔
ہمارے پاس سارے خطوط موجود ہیں جو ہم نے کینالز کی مخالفت کی، پیپلز پارٹی کا یہی موقف ہے کہ متنازعہ کنالز نہیں بنائے جائیں، صدر مملکت نے جوائنٹ سیشن میں کہا کہ ہم اس منصوبے کو سپورٹ نہیں کر سکتے، پہلے دن سے کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے، جہاں جہاں ہماری میٹنگز ہوئی وہاں ہم نے مخالفت کی۔
پنجاب میں زیر زمین پانی میٹھا موجود ہے اس سے کاشتکاری ہوسکتی ہے، دو دن قبل رانا ثنااللہ نے فون پر بتایا کہ وزیر اعظم صاحب اس معاملے کو حل کرنا چاہتا ہیں، رانا ثنا اللہ سے کل اور آج بھی بات ہوئی، شہباز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، لوگوں کے خدشات ختم کرنے چاہیے۔
