زیر داخلہ کا نوٹس
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے لانگ مارچ کے دوران ہونے والی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس، وفاقی سکیورٹی ایجنسیز سے بھی فائرنگ واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم نے رپورٹ طلب کر لیا
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر آباد کے اللہ چوک میں لانگ مارچ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری طور پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اظہر مشوانی کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے قریب ہونے والی فائرنگ کے بعد عمران خان الحمد للہ محفوظ ہیں، ہماری گراؤنڈ ٹیم کے مطابق مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ واقعہ اللہ ہو چوک وزیرآباد کے قریب پیش آیا۔

سینیٹر فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سب کے لیے ڈھیروں دعائیں ہیں، اللہ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، اللہ کرے سب خیریت سے ہوں، کچھ ہمارے دوست شدید زخمی ہیں، ہمارا ایک ساتھی کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ شہید ہو گیا ہے۔ سب سے درخواست ہے زخمیوں کے لیے فوری طور پر دعائیں کریں۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور سی پی او گجرات کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے، فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایک کارکن شہید ہو گیا: اعجاز چودھری کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ کے باعث ایک کارکن شہید ہو گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے کل رات احمد چٹھہ کو فون پر بتایا تھا کہ وزیرآباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہو گا، سو قاتلانہ حملہ ہو گیا۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک کارکن شہید ہوگیا اور ہمارے 4 لیڈر زخمی ہوئے۔
اعجاز چودھری نے ایک شعر بھی لکھا
تمہی نے چھیڑ دیا موت و زندگی کا سوال
اب اس سوال کے زندہ جواب اُبھریں گے
پرویز الٰہی کا نوٹس
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے، فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، اللہ تعالٰی کا شکر ہے کہ عمران خان خیریت سے ہیں۔
