پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 225 روپےمقررکرنے کے حوالے سے بڑامطالبہ سامنے آگیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے جمعہ 19 جون کو ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایکس پراپنے بیان میں کہاکہ جماعت اسلامی جمعہ کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف بڑے مظاہرے کرے گی،اب پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے کمی سے کام نہیں چلےگا، وقت آگیا ہے کہ فوری طور پر پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر پر لائی جائے اورقیمتوں کو تین سال کے لیے منجمد کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزیدکہاکہ ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گر رہی ہے، حکومت اپنے خزانے کیلئے فی لٹر پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکسز وصول کررہی ہے ،پٹرول پر لیوی کی فوری کٹوتی کی جائے ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزیدکہاکہ پاکستان کے غریب اور مڈل کلاس عوام کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے؟ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔
امیرجماعت اسلامی نےعوام خصوصاً نوجوانوں سے 19 جون کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزیدکم ہوگئیں جس کے بعدپاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔برینٹ خام تیل 0.34 فیصد کمی کے ساتھ 79 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے ،جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 0.29 فیصد کمی سے 76 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے،اماراتی مربن تیل کی قیمت بغیر کسی رد و بدل کے 72 ڈالر فی بیرل پربرقرارہے۔

Leave feedback about this