ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بہتر ہونے کی امید ہے کیونکہ 55 ہزار میٹرک ٹن موٹرپیٹرول لے کر ایک اور آئل ٹینکر آج پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے کا امکان ہے ، جو ملکی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پورٹ حکام کے مطابق آئل ٹینکر ’’ایم ٹی خیرپور‘‘ 55 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر آج پورٹ قاسم پہنچے گا۔ یہ کھیپ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے عمان کے شہر صحار سے درآمد کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کی آمد پر اسے فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز کیا جائے گا، جہاں سے پیٹرول کی ترسیل کا عمل شروع ہوگا۔ اس کھیپ سے ملک میں جاری پٹرولیم مصنوعات کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈیلی شپنگ رپورٹ کے مطابق ایک اور جہاز ’’ایم ٹی دیرا غیرا‘‘ اس وقت فوٹکو ٹرمینل پر موجود ہے، جس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار میٹرک ٹن موٹر گیسولین آف لوڈ کر دی ہے، جبکہ اس کی مجموعی مقدار 34 ہزار 62 میٹرک ٹن ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ جہاز ہفتے کے روز دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا، جس کے بعد نئے آنے والے آئل ٹینکر کے لیے جگہ خالی ہو جائے گی۔
پورٹ قاسم کی روزانہ رپورٹ کے مطابق اس وقت بندرگاہ پر 11 جہاز موجود ہیں، جہاں کوئلہ، پیلی مٹر، سیمنٹ، ایل پی جی، فاسفورک ایسڈ اور بٹومین سمیت مختلف اشیاء کی ہینڈلنگ جاری ہے۔

Leave feedback about this