اٹلی نے قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے پاکستانی ہنر مند افراد کو ساڑھے 10 ہزار ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روم میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور لیگل مائیگریشن کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی اسکلڈ لیبر کو 10 ہزار 500 ویزے فراہم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے کچھ عرصہ قبل ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری کی تجویز پیش کی تھی۔
ملاقات میں انسدادِ منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی مؤثر پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں پاکستان کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اٹلی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Leave feedback about this